ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس کو دوبارہ اقتدار پر لانا ہمارا نشانہ:وینوگوپال کانگریس سے آزاد ہندوستان بی جے پی کا نشانہ کبھی پورا نہیں ہوگا

کانگریس کو دوبارہ اقتدار پر لانا ہمارا نشانہ:وینوگوپال کانگریس سے آزاد ہندوستان بی جے پی کا نشانہ کبھی پورا نہیں ہوگا

Tue, 09 May 2017 10:44:22    S.O. News Service

بنگلورو،8؍مئی(ایس او نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری وکرناٹک میں کانگریس امور کے نئے انچارج کے سی وینوگوپال نے آج کہاکہ کرناٹک میں کانگریس دن بہ دن مضبوط ہورہی ہے۔ اس کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔ کرناٹک میں آئندہ اسمبلی کے لئے ہونے والے انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار پر آنے سے روک کر کانگریس کو دوبارہ اقتدار پر لانے کے لئے ہمارا نشانہ ہونا چاہئے۔ ریاست میں کانگریس کے انچارج بننے کے بعد پہلی بار مسٹر وینوگوپال کی شہر آمد کے موقع پر کے پی سی سی دفتر میں ان کے استقبال کے لئے منعقدہ اجلاس میں پارٹی لیڈروں اور ورکرس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگلے اسمبلی انتخابات میں ہمارا نشانہ کانگریس کو دوبارہ اقتدار پر لانے کا ہونا چاہئے اوربی جے پی کو اقتدار پر آنے سے روکنا چاہئے۔ پارٹی میں اختلافات رکھنے والے لیڈروں کو بھی انہوں نے انتباہ کیا۔ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو اقتدار پر لانے میں تعاون کرنا ہر ایک لیڈر کی ذمہ داری ہے۔ آپسی اختلافات بھلاکر پارٹی کے حق میں متحد ہوکر کام کرنے کی انہوں نے آوازدی۔ ریاست میں سدارامیا کی قیادت والی کانگریس حکومت کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت کی فلاحی اسکیموں اور کارکردگی کو عوام کے سامنے لانا چاہئے۔ سدارامیا کی عوام پرور اسکیموں کو عوام کے سامنے لاکر ان کا اعتماد حاصل کرنا چاہئے۔ اس طرح سے پارٹی کو عوام میں مضبوط بنایا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ سیاست میں اختلافات اور ناراضی عام بات ہے۔ لیکن پارٹی میں گروہ بندی نہیں ہونی چاہئے۔ جب پارٹی کے وقار کا مسئلہ آئے تو تمام کو متحد ہوکر پارٹی کو دوبارہ اقتدار پر لانے کے لئے کام کرنے کا انہوں نے مشورہ دیا۔ مسٹر وینوگوپال نے کہاکہ ریاستی کانگریس جب بھی مشکل میں رہی عوام نے ہمیشہ اس کا ساتھ دیاہے۔ اس روایت کو برقرار رکھنے کیلئے انہوں نے کہاکہ 1978ء میں پورے ملک میں کانگریس کوشکست کھانی پڑی،ان حالات میں بھی کرناٹک اور آندھراپردیش میں کانگریس کی جیت ہوئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس سے آزاد ہندوستان میں بی جے پی کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ ریاست کرناٹک میں کانگریس دوبارہ اقتدار پر آئے گی۔ ہمیں یہ قوی امید ہے۔ پارٹی میں اپنے ذاتی مفاد کے لئے لیڈروں کو لابی چلانے سے باز رہنے کے لئے انہوں نے کہا۔ آپسی اختلافات سے پارٹی کا ہی نقصان ہوگا۔ اس کو نہ بھولیں۔ انہوں نے بتایاکہ میں تین دن یہاں قیام کروں گا۔ تمام لیڈروں سے انفرادی طورپر ملاقات کرکے ان سے تبادلہ خیال کروں گا۔ پارٹی کے مفاد میں اپنے ذاتی اختلافات کو دور کرنے کی انہوں نے ورکرس سے اپیل کی۔ مسٹر وینوگوپال کی کے پی سی سی دفتر میں آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس سے قبل ایر پورٹ پر کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور، کارگزار صدر دنیش گنڈو راؤ، ریاستی وزراء آر روشن بیگ، کے جے جارج اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔


Share: